حیدرآباد(بیورورپورٹ) پاکستان راہ حق پارٹی سندھ کے قانونی مشیر مولانا عبدالسمیع فاروقی نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعہ ہیں، ان مدارس سے لاکھوں بچے اپنی تعلیم مکمل کرکے معاشرے کے کارآمد شہری بن رہے ہیں، یہ بات انہوں نے جامعہ عربیہ خلفائے راشدین ٹرسٹ کے زیر اہتمام طلباء و طالبات کے حفظ و ناظرہ کے سالانہ امتحانات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مولانا قاری عاشق حسین، مولانا قمر حیات، مولانا محمد شوکت اور دیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر مذکورہ مہمانوں نے طلباء و طالبات کے امتحانات بھی لئے، مولانا عبدالسمیع فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پرفتن دور میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سے جڑا ہوا ہے یا قرآن پڑھتا اور پڑھاتا ہے، مدارس دینیہ طلباء و طالبات کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور انہیں دینی تعلیم دے کر معاشرے کا کارآمد شہری بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
