پنجاب کالج کے زیرانصرام ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پیر سید نوید الحسن مشہدی کے روح پرور بیان نے حاضرین پر سحر طاری کر دیا، ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد )
پنجاب کالج منڈی بہائوالدین کے زیرانصرام مقامی میرج ہال میں ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد آقائے دوجہاں کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ نامور نعت خواں سید فیض الحسن کاظمی نے خوبصورت انداز میں نعت رسول مقبول پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ بعدازاں تقریب کے مہمان خصوصی آستانہ عالیہ بھکھی شریف کے سجادہ نشین پیر سید نوید الحسن مشہدی نے حضور سرور کونین، محمد رسول اللہ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا محمد عربی کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا، آپ کے اعلی اخلاق کی بدولت پتھر دل بھی موم ہو کر اسلام کی دولت سے مالامال ہوئے۔ پیر سید نوید الحسن مشہدی نے کہا کہ نبی پاک کے اخلاق حسنہ کو اپنا کر اور آپ کی ذات کو ماننے کے ساتھ آپ کی بات اور تعلیمات مان کر ہی معاشرہ میں حقیقی انقلاب لایا جا سکتا ہے، انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، ملکی سلامتی کی ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔ علاوہ ازیں کالج ہذا کی تمام جماعتوں کے منتخب ہونہار طلباء و طالبات (پراکٹرز) کی حلف برداری بھی ہوئی جبکہ ماہانہ جانچ کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں نقد انعام، تعریفی اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ آخر میں کالج کے پرنسپل ملک عدنان حسن نے مہمانان اعزاز کی آمد، کالج انتظامیہ اور اساتذہ کرام کا بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔