مہنگائی کے دور میں بچت بازار عوام کے لیے بڑا ریلیف ہیں، حکومت حیدرآباد میں مستقل بچت بازار کے لیے جگہ مختص کرے، محمد فہد میاں

مہنگائی کے دور میں بچت بازار عوام کے لیے بڑا ریلیف ہیں، حکومت حیدرآباد میں مستقل بچت بازار کے لیے جگہ مختص کرے، محمد فہد میاں
حیدرآباد چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد فہد میاں اور نائب صدر عرفان عاربیانی کی ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن کے ہمراہ بچت بازار کا افتتاح، آر ڈی ایف کے عوامی فلاحی اقدامات کو سراہا.
حیدرآباد ( ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد فہد میاں اور نائب صدر عرفان عاربیانی نے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (RDF) کے زیرِ اہتمام حیدرآباد نیو سبزی منڈی میں منعقدہ بچت بازار میں وفد کے ہمراہ شرکت کی اور مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کے ساتھ بازار کا افتتاح کیا۔ اس فلاحی اقدام میں حیدرآباد چیمبر اور میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کا تعاون بھی شامل تھا۔ وفد میں ممبران ایگزیکٹو کمیٹی سکندر علی راجپوت، محمد نعیم شیخ، فیصل خلجی، فراز احمد مغل، ممبر عاشر الطاف اور دیگر بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر محمد فہد میاں نے آر ڈی ایف حیدرآباد کے پروجیکٹ مینیجر آفتاب سومرو کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنے والے بچت بازار عوام کے لیے بڑی سہولت ہیں۔ آٹا، دالیں، چینی، چاول، گھی، سبزیاں، پھل، کپڑے اور دیگر گھریلو ضروریات کی اشیاء رعایتی نرخوں پر دستیاب ہونا قابلِ قدر اقدام ہے۔ انہوں نے حکومتِ سندھ پر زور دیا کہ حیدرآباد میں مستقل بچت بازار کے قیام کے لیے موزوں جگہ مختص کی جائے اور ایسے اقدامات کو مستقل بنیادوں پر فروغ دیا جائے تاکہ شہریوں کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف مل سکے۔اس موقع پر آر ڈی ایف کے پروجیکٹ مینیجر آفتاب سومرو نے بتایا کہ بچت بازار میں کھانے پینے کی اشیاء، سبزیوں، پھلوں، دیسی کھانوں، کپڑوں اور گھریلو سامان کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کی بھرپور دلچسپی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسٹالز لگانے والے اداروں اور تعاون کرنے والے تمام فریقین کا شکریہ ادا کیا۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *