۔حیدراباد ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلی حیدراباد محمد سجاد حیدر گورنمنٹ وکیشنل انسٹیٹیوٹ اف گرلز افندی ٹاؤن کا دورہ کر رہے ہیں پرنسپل شگفتہ شگریو اگاہی فراہم کر رہی ہیں

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ ) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ محمد سہیل احمد راجپوت (ستارۂ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ حیدرآباد سید محمد سجاد حیدر نے گورنمنٹ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ آف گرلز، آفندی ٹاؤن حیدرآباد کا تفصیلی معائنہ کیا اور ادارے میں جاری تعلیمی و فنی تربیتی سرگرمیوں، انتظامی امور اور طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر ریجنل ڈائریکٹر STEVTA منظور علی چانڈیو نے ان کا استقبال کیا اور ادارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ آف گرلز کا قیام 2008 میں عمل میں آیا تھا اور یہ ادارہ STEVTA کے انتظامی کنٹرول میں کام کر رہا ہے۔ ادارے میں تین شعبے فعال ہیں، جہاں طالبات کو ڈپلومہ اِن ٹیلرنگ، ایڈوانس کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (ACIT) اور چھ ماہ کے بیوٹیشن کورسز کروائے جا رہے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ادارے میں اس وقت 80 طالبات زیرِ تعلیم ہیں، جن میں سے معائنے کے روز تقریباً تمام طالبات حاضر پائی گئیں، جبکہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے مجموعی طور پر 11 ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔

معائنے کے دوران ریجنل ڈائریکٹر نے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اور اساتذہ و طالبات سے ملاقات کرکے تدریسی معیار، تربیتی طریقۂ کار اور دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے گارمنٹس ڈیپارٹمنٹ اور بیوٹیشن کے پریکٹیکل رومز کا معائنہ کیا، جہاں طالبات کو سلائی، گارمنٹس کی تیاری اور بیوٹی کیئر سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جا رہی تھی۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (CIT) کی کمپیوٹر لیب، پروڈکشن یونٹ، ہیئر کیئر لیب، اسکن کیئر لیب اور بیوٹیشن تھیوری کلاس کا بھی دورہ کیا اور طالبات کی عملی تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔

ادارے میں پینے کے صاف پانی کی سہولت موجود پائی گئی، جبکہ باتھ رومز کی حالت اور صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی اطمینان بخش تھے۔ بجلی کی فراہمی میں تعطل کی صورت میں متبادل انتظام کے طور پر ادارے کی پرنسپل نے اپنی ذاتی معاونت سے 10 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کروایا ہوا ہے، جس سے ادارے کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

اس موقع پر ادارے کی پرنسپل محترمہ شگفتہ شگریو نے عملے کی کمی اور دیگر انتظامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں منظور شدہ 31 آسامیوں میں سے صرف 11 پر تقرریاں کی گئی ہیں، جبکہ باقی 20 آسامیاں طویل عرصے سے خالی پڑی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تدریسی عملے کی شدید کمی کے باعث طالبات کی فنی تربیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت ٹیلرنگ اور بیوٹیشن کے شعبوں میں نجی اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

پرنسپل نے مزید بتایا کہ ادارے کی عمارت اور دیگر بنیادی سہولیات کی مرمت و دیکھ بھال کے بعض کام درکار ہیں، جن کے لیے متعلقہ اعلیٰ حکام کو متعدد خطوط بھی ارسال کیے جا چکے ہیں، تاہم تاحال کوئی پیش رفت یا جواب موصول نہیں ہوا۔

ریجنل ڈائریکٹر نے ادارے میں عملے کی کمی، خالی آسامیوں اور مرمت و دیکھ بھال کے مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فنی تعلیم کے ادارے طالبات کو ہنر مند بنانے اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا ادارے کی بہتری، تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل اور طالبات کو بہتر تربیتی سہولیات کی فراہمی کے لیے درپیش مسائل متعلقہ حکام کے نوٹس میں لانا ضروری ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *