کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر تاخیر کا شکار وزیر اعلیٰ سندھ نے رپورٹ طلب کر لی۔
(رپورٹ سٹی اڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم کراچی)
محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (پی اینڈ ڈی)کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل (ایم ای سی)نے 3 ارب 81 کروڑ 7لاکھ 47 ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کریم آباد انڈر پاس کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو رپورٹ پیش کی ہے جس کے مطابق منصوبے میں مجموعی طور پر 85 فیصد پیش رفت ہو چکی ہے اور کام تسلی بخش ہے ۔وزیراعلیٰ کی ہدایات پر اورنگزیب وسطڑو، ریجنل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر کی زیر قیادت ایم ای سی کی ٹیم نے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی)کے منصوبے کریم آباد میں دو جمع دو لین انڈر پاس کی تعمیرضلع وسطی کا دورہ کیا۔دورے کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے عملدرآمدی ادارے (ای اے )کے تکنیکی عملے کے ساتھ مل کر تعمیراتی کام کی پیش رفت اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔معائنے کے بعد منصوبے پر کام کی مجموعی پیش رفت 85 فیصد جبکہ مالی اخراجات 81 اعشاریہ 27 فیصد ریکارڈ کیے گئے ۔انتظامی منظوری کے مطابق منصوبے کی تکمیل مالی سال 2025-26 میں ہونا تھی، تاہم عملدرآمدی ادارے نے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم کو آگاہ کیا کہ منصوبہ اب اپریل 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے جس کی بنیادی وجہ کے الیکٹرک کی یوٹیلیٹیز کی منتقلی بتائی گئی۔
