



حیدرآباد: 3 فروری ( ) ڈپٹی کمشنر آفس حیدرآباد نے داؤد گلوبل فاؤنڈیشن، لیڈیزفنڈ انرجی، او جی ڈی سی اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ایم یو ای ٹی) جامشورو کے اشتراک سے ایم یو ای ٹی جامشورو میں الیکٹریکل، الیکٹرانکس، مکینیکل اور مکٹرونکس ڈیپارٹمنٹس سے تعلق رکھنے والی 40 نوجوان طالبات انجینئرز کے لیے ایک ہفتے پر مشتمل سولر انسٹالیشن ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں کمشنر حیدرآباد ڈویژن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ورکشاپ میں شریک نوجوان طالبات کو دارالامان ویمن شیلٹر حیدرآباد میں جاری سولرائزیشن منصوبے پر عملی کام کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا، جو ڈپٹی کمشنر آفس حیدرآباد اور لیڈیزفنڈ کے اشتراک سے اسپانسر اور شروع کیا گیا ہے۔
اسی بیچ کی طالبات بعد ازاں دارالاطفال میں جاری سولرائزیشن منصوبے کی قیادت کریں گی، جو بھی ڈپٹی کمشنر آفس حیدرآباد اور لیڈیزفنڈ کی جانب سے شروع کیا گیا ہے۔
ہینڈز آن ٹریننگ اور ورکشاپ کے ساتھ ساتھ نوجوان طالبات انجینئرز کو داؤد گلوبل فاؤنڈیشن، او جی ڈی سی ایل اور لیڈیزفنڈ انرجی میں انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر آفس حیدرآباد نے مس تارا ازرا داؤد، سی ای او داؤد گلوبل فاؤنڈیشن و لیڈیزفنڈ انرجی اور او جی ڈی سی سے مس سنمبل وہاب کی مسلسل سرپرستی و تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں وائس چانسلر ایم یو ای ٹی ڈاکٹر طحہ علی اور رجسٹرار ایم یو ای ٹی ڈاکٹر نعمت اللہ پیرزادہ کی جانب سے ورکشاپ کے انعقاد اور طلبہ و ٹیم کی میزبانی میں بھرپور معاونت پر ڈپٹی کمشنر آفس حیدرآباد نے دلی شکریہ ادا کیا۔
