


حیدرآباد، 5 فروری 2026 یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حیدرآباد میں ایک پرامن اور منظم ریلی نکالی گئی جو ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سیکریٹریٹ سے شروع ہو کر نیاز اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کی۔ ریلی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے مظالم کے خلاف احتجاج کیا اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے بلند کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا کہ پاکستان آج مضبوطی سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کشمیری مسلمانوں پر جاری ظلم و بربریت کے خاتمے اور عالمی برادری سے مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کی جاتی رہے گی۔
