

رپورٹ محمد حسین پرمار
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جناب جاوید عالم اوڈھو، پیٹرن اِن چیف سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کی سرپرستی میں میزان بینک اور سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے مابین آج ایک اہم مفاہمتی معاہدہ طے پایا، جس کے تحت میزان بینک پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن کراچی کے پولیس گراؤنڈ میں جدید پیڈل کورٹ تعمیر کرے گا۔ اس منصوبے کا مقصد سندھ پولیس میں کھیلوں کے فروغ، صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد اور پولیس اہلکاروں کو جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
معاہدے کی تقریب میں میزان بینک کے ڈائریکٹر محمود الحسن، چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ سید پیر محمد شاہ، دیگر سینئر افسران، متعلقہ حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نہ صرف جسمانی فٹنس اور ذہنی صحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ ادارہ جاتی ہم آہنگی، نظم و ضبط اور مثبت طرزِ زندگی کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے میزان بینک کی جانب سے سندھ پولیس کے ساتھ تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ سندھ پولیس میں کھیلوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب کے دوران پیڈل کورٹ کی تعمیر کے آغاز کے سلسلے میں کنٹریکٹر احمد کو باضابطہ طور پر چیک بھی فراہم کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرکے پولیس اہلکاروں اور کھلاڑیوں کو جدید اور معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ترجمان
سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ
کراچی۔
