
ڈپٹی کمشنر جامشورو کی زیرِ صدارت پولیو مہم سے متعلق اہم اجلاس، آگاہی ریلی بھی نکالی گئی
*جامشورو: ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس کے دربار ہال میں 18 مئی سے 21 مئی 2026ء تک ضلع بھر میں شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی پیشگی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے باقاعدہ طور پر مہم کا افتتاح کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے*
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پیر منظور احمد، ڈپٹی ڈی ایچ او آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر نوید احمد سومرو، ڈی ایم پی پی ایچ آئی شفیق الرحمان آگرو، ڈسٹرکٹ مئنیجر ھینڈس امام بخش، مختلف تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران، ڈی ای او سی ٹیم اور اسٹیک ہولڈرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی،
اس موقع پر پولیو مہم کی تیاریوں، پولیو ٹیموں کی تربیت، مائیکرو پلاننگ، فیلڈ انتظامات، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جامشورو نے بتایا کہ ضلع میں پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں اور ہر سطح پر تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں،
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور موذی مرض ہے، جس کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت مشترکہ طور پر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس کی کامیابی کے لیے متعلقہ افسران، صحت عملے اور پولیو ٹیموں کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، محنت اور جذبے کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی،
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ فیلڈ میں تعینات پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلوائیں،
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی قیادت میں ڈی سی آفس سے پولیو مہم کے حوالے سے آگاہی ریلی بھی نکالی گئی، جس میں افسران، صحت کے عملے ودیگر نے شرکت کر کے پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا
