حیدرآباد عیدالاضحیٰ 1447ہجری کے موقع پر صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کے موثر انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس حیدرآباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II صبا اسرار نے کی جبکہ ڈی ایس پی کینٹ میڈم پارس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عید کے دنوں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات اور تھانوں کو اضافی نفری کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی۔ ڈی ایس پی کینٹ نے بتایا کہ عید کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں۔اجلاس میں متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ زیادہ آلائشیں جمع ہونے والے مقامات کی نشاندہی کر کے ان کی باقاعدہ لسٹ فراہم کی جائے تاکہ صفائی کے عمل کو مو¿ثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے دوران تجاوزات اور سڑکوں پر آلائشیں پھینکنے جیسے مسائل کو دور کرنے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے – ٹریفک پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ عید کے ایام میں ٹریفک کے دباو¿ سے نمٹنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔۔واسا کو ہدایت کی گئی کہ عید سے قبل تمام مین ہولزپرڈھکن لگاکربندکیاجائے تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ ہر یونین کونسل میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے علیحدہ گاڑیاں موجود ہیں۔اجلاس میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کے لیے مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی فہرست پیش کی گئی، اور واضح ہدایت دی گئی کہ قیمتوں میں کسی بھی قسم کے اضافے پر فوری کارروائی کی جائے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II صبا اسرار نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فوکل پرسنز نامزد کریں، عید پلانز جلد جمع کروائیں اور صفائی و دیگر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Posted inکراچی