حیدرآباد ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی ہدایات پر لیبر قوانین، مزدوروں کے حقوق اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ضلع حیدرآباد کے مختلف اینٹوں کے بھٹوں کا مشترکہ معائنہ کیا گیا۔ کارروائی ایک خاتون کی جانب سے لیبر ڈیپارٹمنٹ حیدرآباد میں قائم لیگل ایڈ سپورٹ یونٹ (LASU) کو موصول ہونے والی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
مشترکہ معائنہ ٹیم میں محکمہ محنت، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ، محکمہ سماجی بہبود، سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (SESSI) اور نادرا حیدرآباد کے نمائندگان شامل تھے۔ ٹیم نے ضلع کے مختلف علاقوں میں قائم پانچ اینٹوں کے بھٹوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور موصولہ شکایت کی موقع پر تحقیقات کیں۔
معائنے کے دوران لیبر قوانین اور مزدوروں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ بھٹہ مالکان کو قانونی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہونے پر فوری اصلاحی اقدامات اور قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
دوران معائنہ متعدد کمسن بچے مزدوری کرتے ہوئے پائے گئے، جنہیں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ نے فوری طور پر خطرناک ماحول سے نکال کر تحفظ فراہم کیا۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کی جانب سے متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے بچوں کی بحالی اور انہیں تعلیمی و سماجی معاونت کی فراہمی کے اقدامات بھی کیے گئے۔
نادرا حکام نے مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی رجسٹریشن اور شناختی دستاویزات سے متعلق امور کا جائزہ لیا تاکہ انہیں سرکاری سہولیات اور قانونی تحفظ تک رسائی فراہم کی جا سکے۔
محکمہ سماجی بہبود اور سیسی کے نمائندوں نے مزدوروں کے لیے دستیاب فلاحی سہولیات، کام کے ماحول اور سماجی تحفظ کے اقدامات کا معائنہ کیا جبکہ بھٹہ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ مزدوروں اور ان کے خاندانوں کے لیے محفوظ، صحت مند اور باعزت ماحول یقینی بنایا جائے۔
مشترکہ ٹیم نے بھٹہ مالکان کو موجودہ معاشی حالات کے مطابق مزدوروں کی اجرتوں کا جائزہ لینے، بروقت ادائیگی یقینی بنانے اور مزدوروں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی بھی ہدایت کی۔
ضلعی انتظامیہ حیدرآباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے، مزدوروں کے استحصال کی روک تھام اور محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ چائلڈ پروٹیکشن اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔