عالمی یومِ ایم ایس ایم ای کے موقع پرحیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اورسمیڈا کے اشتراک سے چیمبر سیکریٹریٹ میں تقریب کا انعقاد

عالمی یومِ ایم ایس ایم ای کے موقع پرحیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اورسمیڈا کے اشتراک سے چیمبر سیکریٹریٹ میں تقریب کا انعقاد، چھوٹے کاروبارکے فروغ اور معاشی ترقی کے عزم کا اعادہ
حیدرآباد( )حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے عالمی یومِ مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (MSME international day) کے موقع پر چیمبر سیکریٹریٹ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پرقائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ ہر سال 27 جون کو دنیا بھر میں MSMEs کے عالمی دن کا انعقاد اس شعبے کی معیشت، روزگار، جدت اور سماجی ترقی میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف کے طور پر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 90 فیصد کاروبار چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں پر مشتمل ہیں، جو قومی معیشت، صنعتی ترقی، برآمدات اور روزگار کے فروغ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد صنعتی اور تجارتی لحاظ سے بے پناہ صلاحیتوں کا حامل شہر ہے، تاہم کاروباری برادری کو سرمایہ، توانائی، جدید ٹیکنالوجی، مارکیٹ تک رسائی اور کاروباری رجسٹریشن جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے حیدرآباد چیمبر اور سمیڈاکے درمیان مضبوط اشتراک کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے کاروباروں کی رجسٹریشن، نوجوان اور خواتین کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی، کاروباری تربیت اور SMEs کو قومی و بین الاقوامی سپلائی چین سے منسلک کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔اس موقع پرنائب صدر شان سہگل نے اپنے خطاب میں کہا کہ حیدرآباد چیمبر نہ صرف تاجروں اور صنعتکاروں کا نمائندہ ادارہ ہے بلکہ نئے کاروباری افراد، نوجوانوں اور ابھرتے ہوئے کاروباروں کی رہنمائی، سرپرستی اور ترقی کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے HCSTSI اور SMEDA کے درمیان مضبوط اشتراک کو کاروباری برادری کے لیے انتہائی سودمند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون کے ذریعے تربیتی پروگراموں، آگاہی سیمینارز، کاروباری مشاورت، استعدادِ کار میں اضافے اور نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے کی متعدد سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جن سے حیدرآباد کے کاروباری افراد بالخصوص نوجوان اور نئے کاروباری حضرات بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر نئے کاروباری شخص کو حیدرآباد چیمبر کی رکنیت حاصل کرنی چاہیے کیونکہ چیمبر کی ممبرشپ نہ صرف کاروباری برادری کی مضبوط نمائندگی فراہم کرتی ہے بلکہ اراکین کو حکومتی و نجی اداروں سے روابط، کاروباری معلومات، پالیسی سازی میں شمولیت، تربیتی مواقع، تجارتی وفود، نمائشوں، نیٹ ورکنگ اور دیگر سہولتوں تک رسائی بھی فراہم کرتی ہے، جو کسی بھی نئے کاروبار کی پائیدار ترقی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اس موقع پرسمیڈا حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ آفیسر احسان ابڑو نے اپنے خطاب میں عالمی یومِ ایم ایس ایم ای کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار کے تحت قائم سمیڈا ملک بھر میں مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی، کاروباری ماحول کے فروغ اور نئے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا کاروباری منصوبہ بندی، مشاورتی خدمات، تربیتی پروگراموں، پالیسی معاونت، مالیاتی سہولیات تک رسائی، کاروباری رجسٹریشن، برآمدات کے فروغ، کلسٹر ڈویلپمنٹ، استعدادِ کار میں اضافے اور جدید کاروباری معلومات کی فراہمی کے ذریعے ہزاروں کاروباری افراد کی معاونت کر چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمیڈا کی رہنمائی اور فنی معاونت سے نئے سرمایہ کار کامیاب کاروباری ادارے قائم کرنے میں کامیاب ہوئے، جن میں سے کئی کاروبار آج قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا کا مقصد صرف کاروبار شروع کروانا نہیں بلکہ انہیں پائیدار، مسابقتی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے تاکہ وہ مقامی اور عالمی ویلیو چینز کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ سمیڈا کی مختلف سہولتوں، تربیتی پروگراموں اور بزنس ڈویلپمنٹ سروسز سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے کاروبار کو رسمی معیشت کا حصہ بنائیں، جدید ٹیکنالوجی اپنائیں اور قومی معاشی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔تقریب میں مختلف جامعات کے نمائندگان بشمول سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈہ جام، شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی جامشورو،حیدرآبادوومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سرپرست اعلی، غیر سرکاری تنظیموں (NGOs)، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICMA)، نیشنل انکیوبیشن سینٹر (NIC)، مختلف بینکوں، تجارتی و صنعتی اداروں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر حیدرآباد چیمبر کے سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، مختلف اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے کنوینرز اور معزز ممبران بھی موجود تھے، جنہوں نے MSME سیکٹر کی ترقی، کاروباری ماحول کی بہتری اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اپنی مفید آراء اور تجاویز پیش کیں۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *