

سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس ریسکیو 1122 حیدرآباد میں ریجنل بلڈ سینٹر جامشورو (RBC)، محکمہ صحت حکومتِ سندھ، انڈس ہسپتال اور ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ریسکیو 1122 حیدرآباد کے مرد و خواتین افسران اور اہلکاروں نے انسانی جانوں کے تحفظ کے جذبے کے تحت رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا۔
ریسکیو 1122 کے افسران نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور ایک یونٹ خون کئی قیمتی جانوں کو بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر خون عطیہ کریں تاکہ حادثات، ایمرجنسی، تھیلیسیمیا اور دیگر مریضوں کی بروقت مدد یقینی بنائی جا سکے۔
بلڈ ڈونیشن کیمپ کے دوران ریجنل بلڈ سینٹر جامشورو کی میڈیکل ٹیم نے تمام طبی اور حفاظتی اصولوں کے مطابق خون کے عطیات وصول کیے۔
ریسکیو 1122 حیدرآباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ نہ صرف ہنگامی حالات میں بروقت امداد فراہم کرتا رہے گا بلکہ عوامی فلاح و بہبود اور انسانیت کی خدمت کے ایسے اقدامات میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہے گا