پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر و سابق سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ پولیس پراپرٹی کا کیس سپریم کورٹ میں سندھ کے 15 اضلاع کا چل رہا ہے

حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر و سابق سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ پولیس پراپرٹی کا کیس سپریم کورٹ میں سندھ کے 15 اضلاع کا چل رہا ہے اور اس معاملے پر گزشتہ روز بھی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ عدالت کا ہے، اس میں کوئی سیاست نہیں ہو رہی۔

حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاجز دھامرہ نے کہا کہ عدالت میں فاروق ایچ نائیک وکیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے پرامن طریقے سے دکانیں سیل کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت اس مسئلے پر سیاست کر رہی ہے اور تاجر برادری کے کیمپ میں آ کر پیپلز پارٹی کو چیلنج کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو پیپلز پارٹی کے خلاف سیاست کرنی ہے تو اس کے لیے بہت سارے ایشوز موجود ہیں، لہٰذا وہ اپنا کیمپ قائم کریں اور وہاں سیاست کریں، تاجروں کے کیمپ میں آ کر سیاست نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور ہم مل کر کوشش کریں گے کہ اس مسئلے کو قانونی شکل دی جائے۔ پیپلز پارٹی کے نعرے ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہم سندھ کی عوام کے ساتھ ہیں اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

دریائے سندھ میں پانی کی قلت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عاجز دھامرہ نے کہا کہ کل سے دریائے سندھ کے حوالے سے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ کل کا احتجاج ’’مرسوں مرسوں، سندھوں نہ ڈیسوں‘‘ کے عنوان سے ہوگا، جبکہ احتجاج کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو دوست سندھ میں پانی کی قلت کا ایشو اٹھا کر پیپلز پارٹی کا گریبان پکڑتے ہیں، وہ آئیں اور مل کر جدوجہد کریں۔ سندھ طاس معاہدہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوا تھا، اس وقت مودی نہیں تھا، مگر آج بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے کہتے ہیں کہ وہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے ساتھ نہ سہی، الگ بھی احتجاج کر سکتی ہیں۔ ہمیں سندھ کے پانی کے حوالے سے تحفظات ہیں۔ پہلے بھارت سے پانی کے حصول کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی، پھر اندرونی معاملات بھی حل کر لیں گے۔

پریس کانفرنس میں ضلع حیدرآباد کے اطلاعات سیکریٹری عمیر چانڈیو،، سابق صوبائی وزیر زاہد بھرگڑی،پیپلز لیبر ونگ سندھ کے جنرل سیکریٹری سید فیاض علی شاہ، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری لالا مراد، ڈپٹی اطلاعات سیکریٹری اسد ابڑو، خواتین ونگ ضلع حیدرآباد کی صدر صنم تالپور، انجینئر سکندر حیات خانزادہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

جاری کردہ:
میڈیا سیل پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن🇵🇰🇱🇾
0300 3068876

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *