





حیدرآباد ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے ٹھنڈی سڑک واٹر سپلائی پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کرکے جاری مرمتی کاموں کا جائزہ لیا اور لطیف آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لطیف آباد کو پانی فراہم کرنے والی دو اہم پمپنگ موٹریں مرمت کے مراحل سے گزر رہی ہیں۔ پہلی موٹر کی مرمت اور تنصیب آج رات 9 بجے تک مکمل کر لی جائے گی، جس کے بعد لطیف آباد میں جزوی طور پر پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی، جبکہ دوسری موٹر کی مرمت میں مزید 24 گھنٹے درکار ہوں گے، جس کے بعد شہر کے دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی پانی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے حیدرآباد واٹر اینڈ سینیٹیشن کارپوریشن (HW&SC) کے افسران کو ہدایت کی کہ مرمتی کام کو تیز کیا جائے، تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پانی کی فراہمی جلد از جلد بحال کی جائے اور عوام کو بحالی کے شیڈول سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مرمتی کاموں کی بروقت تکمیل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ اداروں سے مکمل تعاون جاری رکھے گی۔