
سرگودہا کے تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود خاص طور پر 80 جنوبی کے علاقے میں غنڈہ راج نے اس قدر شدت اختیار کر لی ہے کہ غریب اور بے بس لوگ اپنی جان و مال کی حفاظت کے لیے کسی بھی دروازے پر دستک دینے پر مجبور ہیں۔متاثرہ شخص نعیم، جو قوم قصاب سے تعلق رکھتا ہے اور اسی دیہہ کا رہائشی ہے، کے مطابق کچھ روز قبل گاؤں کے چند بااثر اور بدمعاش افراد نے نعیم کے بھائی شاہد عظیم کو بے رحمی کے ساتھ قتل کر دیا۔ اس واقعے کی اطلاع تھانہ بھاگٹانوالہ میں دے دی گئی اور ایف آئی آر درج کروائی گئی، جس کے تحت دو ملزمان پولیس کی تحویل میں بھی ہیں۔لیکن معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ کل رات نعیم کا چھوٹا بھائی ابرار الحسن، جو پنڈی بھٹیاں جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا، راستے میں ملزمان نے روک لیا۔ ان میں حسن ولد امجد، عابد ولد سیف اللہ (قوم کوجہ) اور تیسرا نامعلوم مسلح شخص شامل تھے، جن کے پاس پسٹل اور سوٹا تھا۔ انہوں نے ابرار کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے اپنے بھائی کے قتل کے مقدمے میں صلح نہ کی تو وہ بھی اسی انجام کو پہنچیں گے۔
اس موقع پر موجود سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ تمام مناظر قید ہیں، جو الزامات کی سنگینی کو مزید واضح کرتے ہیں۔ متاثرہ خاندان نے ڈی پی او سرگودہا اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور فوری نوٹس لیتے ہوئے مظلوموں کو انصاف فراہم کریں۔