



ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایات پر ٹریفک مینجمنٹ اجلاس، ٹریفک قوانین پر سخت عملدرآمد، ای چالان سسٹم اور مشترکہ آپریشنز کا فیصلہ
ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایات پر ایس ایس پی آفس میں شہر کی ٹریفک مینجمنٹ اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعزازی سیکریٹری ٹریفک مینجمنٹ بورڈ جاوید اقبال، ڈی ایس پیز ٹریفک، متعلقہ ایس ایچ اوز اور دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ون وے کی خلاف ورزی، ڈبل پارکنگ، بغیر نمبر پلیٹ اور غیر قانونی رکشوں، سافٹ انکروچمنٹ اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر مصروف تجارتی علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر بلاامتیاز کارروائیوں اور شہریوں و تاجر برادری کی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت بھی دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ای چالان سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت موبائل ایپلیکیشن اور کیمروں کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں کا ریکارڈ مرتب کرکے متعلقہ گاڑی کے مالک کو خودکار طور پر ای چالان جاری کیا جائے گا، جبکہ شہریوں میں ای چالان اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر ہدایت کی گئی کہ ٹریفک سے متعلق پیش رفت کی رپورٹ ہر 15 روز بعد ایس ایس پی حیدرآباد اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو ارسال کی جائے، جبکہ ٹریفک جام یا خلاف ورزی کی اطلاع پر QRF کو ہر وقت متحرک رکھا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر، محفوظ اور بلا رکاوٹ ٹریفک سہولیات فراہم کی جا سکیں