قاسم آباد میں تھلیسیمیا اور جینیاتی امراض کی روک تھام کیلئے جدید سینٹر کا افتتاح

قاسم آباد میں تھلیسیمیا اور جینیاتی امراض کی روک تھام کیلئے جدید سینٹر کا افتتاح

مرض کے خاتمے کیلئے دواؤں کے ساتھ اجتماعی شعور اور مستقل مزاجی ضروری ہے: فیاض عباسی

کزن میرج کے باعث تھلیسیمیا بڑھ رہا ہے، شادی سے قبل لڑکوں اور لڑکیوں کی اسکریننگ لازمی کرائی جائے: زین العابدین میمن

حیدرآباد: ( ) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ تھلیسیمیا اور دیگر جینیاتی امراض کے خاتمے کیلئے صرف دواؤں کی ضرورت نہیں بلکہ اجتماعی شعور اور مستقل مزاجی سے کی جانے والی کاوشوں کی بھی ضرورت ہے۔ ہمارا ضمیر اسی وقت مطمئن ہو گا جب ہم انسانیت کی بھلائی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاسم آباد کی عبداللہ سٹی میں احمد بچائی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے قائم کیے گئے “تھلیسیمیا اینڈ جینیٹک ڈس آرڈر پریونشن سینٹر” کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ اس موذی مرض کی روک تھام کیلئے ہر ادارے، سماجی تنظیم اور فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ اس مشن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کہا کہ قریبی رشتہ داروں میں شادیوں یعنی کزن میرج کے سبب تھلیسیمیا میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ اگر کسی خاندان میں پہلے سے تھلیسیمیا کا مریض موجود ہو تو شادی سے قبل نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی لازمی اسکریننگ کرائی جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مرض سے بچایا جا سکے۔

تقریب کے دوران سیکریٹری سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر درناز جمال اور ڈاکٹر ہارون نے بتایا کہ اس جدید سینٹر میں مستحق مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں دورانِ حمل بچے کے تھلیسیمیا کا ٹیسٹ (CVS)، تھلیسیمیا اسکریننگ اور شادی سے قبل و بعد جینیاتی ٹیسٹنگ یعنی کیریئر کی شناخت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر کے قیام سے تھلیسیمیا کی بروقت تشخیص اور روک تھام میں بڑی مدد ملے گی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے عزم کیا کہ تھلیسیمیا کے خاتمے، عوامی شعور اور شادی سے قبل اسکریننگ کی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔

تقریب میں محکمہ صحت کے افسران، سماجی رہنماؤں، ٹرسٹ کے عہدیداروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *