سندھ حکومت نے فیک نیوز کے روک تھام کے لئے قومی ادارے این سی سی آئی سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات سندھ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ اور محکمہ اطلاعات کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیک نیوز، جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے میڈیا مانیٹرنگ اور سندھ حکومت کے مثبت و تعمیری بیانیے کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز محمد یوسف کابورو، عزیز ہکڑو، حزب اللہ میمن، طارق امام، فدا بالادی، ماجد خان، عمزان زنون، محمد کامران، سرور سمیجو، امتیاز جویو اور ڈپٹی سیکریٹری صاحب خان بھنڈ نے شرکت کی۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ فیک نیوز کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے معاونت حاصل کی جائے اور فیک نیوز بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون کو مزید بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی بھی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔
سینئر وزیر نے سیکریٹری اطلاعات اور محکمہ اطلاعات کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فیک نیوز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کی بروقت نشاندہی، تصدیق اور تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات میں ایک مؤثر اور مربوط مانیٹرنگ نظام وضع کیا جائے، جبکہ فیک نیوز کے تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات اور این سی سی آئی اے کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کا بیانیہ امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت کے اس مثبت اور تعمیری بیانیے کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے جائیں۔ محکمہ اطلاعات جدید ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے سندھ حکومت کے مثبت اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندوں کو سندھ حکومت کے بیانیے کا حصہ بنایا جائے اور محکمہ اطلاعات فیک نیوز کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت کے مثبت بیانیے کی مؤثر ترویج پر بھی خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر میڈیا حکمت عملی کے ذریعے عوام تک درست، مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
Posted inکراچی