
کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت سندھ پولیس کے مختلف یونٹس میں قائم کوئیک رسپانس فورسز (QRF) کی عملی تیاریوں، صلاحیتوں اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی اور آپریشنز، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، اسٹیبلشمنٹ، سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز، آر آر ایف، ٹریننگ اور ویسٹ،ایسٹ زون سمیت اے آئی جیز نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی آر آر ایف اور ڈی آئی جی ویسٹ نے کوئیک رسپانس فورسز کی موجودہ صورتحال، عملی تیاریوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بین الاقوامی، ملکی موجودہ صورتحال اور ممکنہ امن و امان کے خدشات کے پیش نظر پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف تجاویز پیش کی گئیں، اجلاس میں موجودہ حالات کے تناظر میں آر آر ایف، سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن اور زونل سطح پر مختلف کوئیک رسپانس فورسز کو ہمہ وقت تیار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اضافی کوئیک رسپانس فورسز کو فوری طور پر تربیت، اینٹی رائٹ آلات اور ضروری اسلحہ سے لیس رکھا جائے گا۔
