


گجرات (شاہد بیگ سے)
گورنمنٹ ہائی سکول گورالی میں سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات نہایت جوش و خروش سے منعقد ہوئی، جس میں سی ای او ایجوکیشن ضلع گجرات اختر علی خان نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔
تقریب کے دوران سی ای او ایجوکیشن اختر علی خان نے سکول میں اپنی مدد آپ اور مخیر حضرات کے تعاون سے نصب کیے گئے سولر سسٹم کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ڈی ای او سیکنڈری روبینہ ناصر، ڈپٹی ڈی ای او ڈاکٹر عمران اسلم، صدر پی ٹی یو ضلع گجرات ساجد ندیم نت، ڈاکٹر خالد مسعود، اوورسیز پاکستانی ارشد وڑائچ، احسان بیگ، مرزا فرید بیگ، ڈاکٹر نوید ظفر، یعقوب نمبردار سمیت دیگر معزز شخصیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ہیڈ ماسٹر محمد عباس بیگ، ماسٹر عمر چوہدری، ماسٹر ضیاء چوہدری اور دیگر اساتذہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ سکول کے بچوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر ہیڈ ماسٹر محمد عباس بیگ نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سکول میں سولر سسٹم کی تنصیب اساتذہ، اسٹاف اور مخیر حضرات کے تعاون سے ممکن ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے ماسٹر عمر چوہدری نے ذاتی خرچ سے واٹر بور کروایا جبکہ سکول کی وائٹ واش بھی مکمل کی گئی۔
انہوں نے تعلیمی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے امید ظاہر کی کہ رواں سال نہم اور دہم کے امتحانات میں سکول کا نتیجہ سو فیصد رہے گا۔
تقریب کے دوران سائنس لیب کی ضرورت پر مخیر حضرات نے فوری تعاون کا اعلان کیا، جن میں ڈاکٹر خالد مسعود نے 25 ہزار روپے، مرزا فرید بیگ، ارشد وڑائچ، ڈاکٹر نوید ظفر اور احسان بیگ نے 10، 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔
آخر میں ہیڈ ماسٹر محمد عباس بیگ نے تمام مہمانوں، اساتذہ اور تعاون کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔
