ریسکیو 1122 کی جانب سے یونیورسٹی آف سندھ کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے طلبہ کے لیے واٹر ایمرجنسی ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔
جامشورو: ریسکیو 1122 کی تربیت یافتہ ٹیم نے واٹر ایمرجنسی سے نمٹنے، ڈوبنے والے افراد کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کرنے، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کے حوالے سے عملی مشق کا مظاہرہ کیا۔
ڈرل کے دوران طلبہ کو پانی میں پیش آنے والے حادثات سے بچاؤ، لائف جیکٹ کے درست استعمال، ریسکیو آلات کی افادیت اور ایمرجنسی کے دوران احتیاطی تدابیر کے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔
ایمرجنسی آفیسر روشن علی مہیسر نے شرکاء و طلبہ کو بتایا کہ بروقت اطلاع اور فوری کارروائی قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ عملی مشق کے دوران طلبہ نے بھی بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور ریسکیو ٹیم کے ہمراہ تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
آخر میں یونیورسٹی آف سندھ کے اساتذہ اور طلبہ نے ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی آگاہی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس قسم کی تربیتی سرگرمیوں کو وقت کی اہم ضرورت قرا ر دیا۔