حیدرآباد ( رپوٹ عمران مشتاق )پانی بجلی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف حیدرآباد سماجی آواز سول سوسائٹی نیٹ ورک کا حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
حیدرآباد سماجی آواز سول سوسائٹی نیٹ ورک کے زیر اہتمام پانی بجلی گیس کی مسلسل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے مطالبات درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے میں حیدرآباد سماجی آواز کے چیئرمین کوثر فرید سلاوٹ جنرل سیکریٹری عبدالغفار شیرانی، کوآرڈینیٹر اظہر منگریو ملک یونس جمال حاجی نعیم شیخ، سجاد خان احسن ناغڑ مختار احمد خان یاسین آرائیں اکرام الدین گڈو اسلم انصاری سمیت دیگر نے شرکت کی اس موقع پر مقررین نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں پانی بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ نے حیدرآباد کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکومتی ادارے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں جبکہ شہری روزانہ کی بنیاد پر شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کراچی کے بعد اب دریاء سندھ کے کنارے آباد حیدرآباد کے عوام کو ٹینکر مافیاء کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ایک طرف شہری پانی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے ذہینی اذیت میں مبتلا ہیں دوسری طرف بھاری بھرکم بلز بھیجے جارہے ہیں عوام کے احتجاج کے باوجود متعلقہ ادارے بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں
مقررین نے کہا کہ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت، بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور گیس کی عدم دستیابی عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر عوامی مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سخت عوامی تحریک چلائی جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔
مظاہرین نے حکومت، حیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی اور واسا انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گیس، بجلی اور پانی کی لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
احتجاج کے شرکاء نے عوامی حقوق کے حق میں اور لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اپنے مطالبات کے حق میں متفقہ قرارداد بھی منظور کی۔