حیدرآباد چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی ہدایات کی روشنی میں سال 2026 کے دوران مکمل ہونے والے فلیگ شپ ترقیاتی منصوبوں

حیدرآباد چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی ہدایات کی روشنی میں سال 2026 کے دوران مکمل ہونے والے فلیگ شپ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے نیو ڈپٹی کمشنر کمپلیکس، تھنڈی سڑک حیدرآباد کے کمیٹی ہال میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور منصوبوں سے وابستہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آٹو بان روڈ فیز-III (لطیف آباد یونٹ نمبر 7 تا فتح چوک)، شہید محترمہ بینظیر بھٹو فلائی اوور ہالہ ناکہ کی بحالی، علمدار چوک سے سابق این ایچ-5 تک سڑک کی تعمیر، شہباز فلائی اوور سے لطیف آباد یونٹ نمبر 7 انڈر پاس تک سڑک کی دو رویہ توسیع، دیہہ ودھ تعلقہ دیہی حیدرآباد کے مختلف دیہات کے لیے واٹر سپلائی اسکیم، حسین آباد لطیف آباد یونٹ نمبر 4 سے لطیف آباد یونٹ نمبر 11 تک سڑک کی تعمیر، اور جی سی یونیورسٹی سے پھلیلی روڈ کے ذریعے کالی موری تک پل کی تعمیر سمیت اہم ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، عملدرآمد اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل کسی بھی رکاوٹ، تجاوزات، یوٹیلیٹی شفٹنگ یا انتظامی مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کیا جائے۔

زین العابدین میمن نے کہا کہ عوامی فلاح کے ان منصوبوں میں کسی بھی غیر ضروری تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام محکمے منصوبوں کی بلا تعطل پیش رفت کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام زیر التواء امور کو فوری طور پر نمٹایا جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جا سکیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ محکموں کو بھرپور سہولت اور تعاون فراہم کرے گی تاکہ ان اہم فلیگ شپ منصوبوں کو بروقت اور کامیابی کے ساتھ مکمل کرکے عوام کو ان کے ثمرات پہنچائے جا سکیں۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *