عقیدہ ختمِ نبوت دینِ اسلام کا دل اور ہر مسلمان کی روح ہے، اس پر کسی سمجھوتے کا تصور بھی گناہ ہے، محمد احسن ناغڑ

پریس ریلیز 07 جون 2026

عقیدہ ختمِ نبوت دینِ اسلام کا دل اور ہر مسلمان کی روح ہے، اس پر کسی سمجھوتے کا تصور بھی گناہ ہے، محمد احسن ناغڑ

7 جون 1974ء کا دن پاکستان کی پارلیمانی اور اسلامی تاریخ کا وہ سنہرا باب ہے جب منکرینِ ختمِ نبوت کو آئینی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نوجوان نسل کو ناموسِ رسالتﷺ اور عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کا سفیر بننا ہوگا، آئی ایس پی او ملکی بقا اور نظریاتی تحفظ کے لیے میدانِ عمل میں ہے۔

(حیدرآباد) استحکامِ پاکستان آرگنائزیشن (ISPO) کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے 7 جون “یومِ تاجدارِ ختمِ نبوت صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم” کے تاریخی اور مبارک موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک تفصیلی و بصیرت افروز بیان میں امتِ مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عقیدہ ختمِ نبوت دینِ اسلام کی وہ مضبوط اساس اور قلعہ ہے جس پر پوری اسلامی عمارت کھڑی ہے۔ اس عقیدے کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان کے ایمان کا اولین تقاضا اور روح کی پکار ہے محمد احسن ناغڑ نے اس دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا 7 جون کا دن ہماری تاریخ کا وہ عظیم اور یادگار دن ہے جب برصغیر پاک و ہند کے تمام مکاتبِ فکر، جید علماء کرام، غازیانِ اسلام اور مخلص سیاسی قیادت نے یکجا ہو کر عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کی ایک ایسی شاندار تحریک چلائی جس کے نتیجے میں آئینی اور قانونی طور پر اس عظیم عقیدے کو تحفظ ملا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب بھی ناموسِ رسالتﷺ اور تاجدارِ ختمِ نبوتﷺ کی بات آئے گی، تو پوری امتِ مسلمہ ہر قسم کے فروعی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے گی انہوں نے کہا کہ اللّٰہ رب العزت نے حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کو سلسلۂ نبوت کا آخری نگینہ بنا کر مبعوث فرمایا۔ آپﷺ کے بعد کائنات میں کسی بھی نئے نبی کی گنجائش نہیں، اور جو شخص اس کا انکار کرے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ اس نظریے کے تحفظ کے لیے ہمارے اسلاف نے اپنے خون کے نذرانے پیش کیے ہیں، اور آج یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس امانت کو اگلی نسلوں تک پوری دیانت داری کے ساتھ منتقل کریں محمد احسن ناغڑ نے پاکستان کی موجودہ صورتحال اور نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا آج کے اس جدید اور ڈیجیٹل دور میں ہمارے نظریات اور نوجوان نسل کے ایمان پر مختلف طریقوں سے فکری حملے کیے جا رہے ہیں استحکامِ پاکستان آرگنائزیشن (ISPO) کا یہ پختہ عزم ہے کہ ہم نوجوانوں کی فکری، اخلاقی اور نظریاتی تربیت اس نہج پر کریں گے کہ وہ اسلام کے بنیادی عقائد کے سچے محافظ بن سکیں۔ پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ تب ہی ممکن ہے جب اس کی نظریاتی سرحدیں اور عقیدہ ختمِ نبوت کی بنیادیں محفوظ ہوں گی انہوں نے تمام سماجی، تعلیمی اور مذہبی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ اس دن کی مناسبت سے تعلیمی اداروں اور عوامی مجالس میں سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کریں تاکہ نسلِ نو کو اس تاریخی جدوجہد اور عقیدے کی اہمیت سے مکمل طور پر روشناس کروایا جا سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ پاکستان کو امن، خوشحالی اور استحکام کا گہوارہ بنائے اور ہمیں مرتے دم تک تاجدارِ ختمِ نبوتﷺ کی غلامی اور وفاداری پر قائم رکھے۔

جاری کردہ ؛
ترجمان
استحکام پاکستان آرگنائزیشن

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *