








ڈیرہ غازیخان(رانا فیصل سے) ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی حضرت عمر فاروق (جھنگی) پر خوارجی دہشت گردوں کے حملہ کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے شہید کانسٹیبل غلام عباس اورشہید کانسٹیبل مدثر محمود کی نماز جنازہ پولیس لائنز ڈی جی خان میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، آر پی او ڈی جی خان محمد اظہر اکرم، ممبر صوبائی اسمبلی محمد حنیف خان پتافی، ممبر صوبائی اسمبلی اسامہ عبدالکریم، ڈی پی او صادق بلوچ، ڈپٹی کمشنر عثمان خالد، ایس پی انوسٹی گیشن عبدالرحیم، سمیت پولیس، رینجرز اور انتظامیہ کے دیگر اعلی افسران ، سکیورٹی اداروں کے سربراہان ، بار ایسوسی ایشن، پریس کلب پولیس افسران واہلکاروں سمیت ورثاء اور سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی حضرت عمر فاروق (جھنگی) پر خوارجی دہشت گردوں کے حملہ کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل غلام عباس اور کانسٹیبل مدثر محمود کی نماز جنازہ پولیس لائنز ڈی جی خان میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، قومی پرچم میں لپٹے شہداء کے جسد خاکی پر پولیس کے آفیسران نے پھول چڑھائے اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان ، آر پی او محمد اظہر اکرم، ڈی پی او صادق بلوچ سمیت دیگر اعلی پولیس افسران ، میڈیا نمائندگان، وکلاء، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد اور شہداء کے ورثاء نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی، آر پی او اور ممبران اسمبلی سمیت تمام اعلیٰ افسران نے شہداء کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ ایڈیشنل آئی جی محمد کامران خان نے شہداء کے ورثاء سے ملاقات کر کے اظہار تعزیت کرتے ہوے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ان کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا، شہداء کی فیملیز کو کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ دہشت گردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، ہم مزید مضبوط ہو کر سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہو کر عوام کی حفاظت کریں گے۔ اس موقع پر آر پی او ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں پنجاب پولیس قیام امن کے لیے پہلے بھی قربانیاں دیتی آئی ہے آئندہ بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،شہداء کے بچوں کی مکمل کفالت کریں گے ۔پولیس لائنز میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا جہاں پر شہداء کو مکمل سرکاری اعزازکے ساتھ سپر د خاک کیا جائے گا۔