
حیدرآباد ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی جانب سے نیشنل پریونشن آف وائلنٹ ایکسٹریمزم/کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (NPVE/CPVE) فریم ورک کے تحت میڈیا آؤٹ ریچ اور مثبت بیانیہ سازی کی سرگرمیوں کے سلسلے میں جاری ہدایات کی روشنی میں ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن حیدرآباد میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ ایک آگاہی و مشاورتی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں انفارمیشن آفیسر ثوبیہ سلیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ڈجیٹل اوپینین لیڈر ہیں، موجودہ ڈجیٹل دور میں انفلوئنسرز رائے عامہ کی تشکیل، نوجوانوں کے رویوں پر اثرانداز ہونے، کمیونٹیز کو متحرک کرنے اور مثبت سماجی تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز تقاریر، گمراہ کن معلومات اور تقسیم پیدا کرنے والے مواد کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ثوبیہ سلیم نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ انفلوئنسرز نفرت انگیز مواد کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکتے ہیں، نقصان دہ اور اشتعال انگیز مواد کی غیر ضروری تشہیر سے گریز کر سکتے ہیں، تصدیق شدہ معلومات شیئر کر سکتے ہیں اور باہمی احترام، رواداری، ہمدردی اور شمولیت پر مبنی مکالمے کو فروغ دے سکتے ہیں، اجلاس میں ڈجیٹل تھریٹ لینڈ اسکیپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ مواد، گمراہ کن وڈیوز، جھوٹی خبروں، انتہا پسندانہ اور تقسیم پیدا کرنے والے بیانیوں سے متعلق چیلنجز زیر بحث آئے، شرکاء کو معلومات کی تصدیق، ذمہ دارانہ مواد کی تخلیق اور آن لائن پلیٹ فارمز پر مثبت طرزِ گفتگو کے فروغ سے متعلق مختلف عملی نکات بھی بتائے گئے، اس موقع پر سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے بھی اپنی سفارشات پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محفوظ، ذمہ دار اور باخبر ڈجیٹل ماحول کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اور درست و مصدقہ معلومات کے فروغ میں بھرپور تعاون کریں گے۔