نسیم نگر میں خاتون کے گھر پر چڑھائی اور تشدد کے مقدمے میں اہم پیش رفت، 3 ملزمان گرفتار
دو روز قبل نسیم نگر چیک پوسٹ کی حدود کی رہائشی مسماۃ افشاں چانڈیو نے پولیس کو شکایت درج کرائی تھی کہ ان کے پڑوس میں رہائش پذیر چند افراد نے ان کے گھر پر چڑھائی کرکے انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے فوری طور پر مقدمہ درج کرنے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
ڈی ایس پی قاسم آباد کاشف علی قادری کی نگرانی میں انچارج نسیم نگر سب انسپکٹر ظہیر سولنگی نے واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے مدعیہ مسماۃ افشاں چانڈیو کی فریاد پر مقدمہ نمبر 302/2026 زیر دفعات 324، 354، 397، 114، 147، 149 اور 337 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کر لیا۔
نسیم نگر پولیس نے مقدمے میں پیش رفت حاصل کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تین ملزمان بابر بدر کنہارو، علی مرتضیٰ کنہارو اور سجاد کنہارو کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے معزز عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور تمام ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔