گندم کی بوری پر 2,500 روپے کا اضافہ عوام پر ظلم ہے، حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے، فوری اقدامات کرے۔ زبیر احمد گھانگرا

گندم کی بوری پر 2,500 روپے کا اضافہ عوام پر ظلم ہے، حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے، فوری اقدامات کرے۔ زبیر احمد گھانگرا
حیدرآباد) ( حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر احمد گھانگرا نے گندم کی بوری کی قیمت میں 2,500 روپے اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو بنیادی غذائی ضروریات مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ گندم اور آٹے جیسی بنیادی غذائی اشیاء کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ان حالات میں مزید اضافہ ان کی مشکلات بڑھا دے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت (صوبا ئ) بجٹ کے تحت کسانوں سے گندم خریدتی تھی، جس سے گندم کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملتی تھی، لیکن اب حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری نہ ہونے سے قیمتوں میں اضافے اور عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط کے باعث حکومتی پالیسیوں پر پڑنے والے اثرات بھی قابلِ غور ہیں۔زبیر احمد گھانگرا نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آئی ایم ایف اراکینِ اسمبلی اور وزراء کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے، نئی گاڑیوں اور سرکاری جہازوں کی خریداری جیسے معاملات پر عوام کو ریلیف دینے کی طرح سخت سوالات نہیں اٹھاتا، لیکن جب اشیائے خورونوش سستی کرنے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کی بات آتی ہے تو مختلف شرائط سامنے آ جاتی ہیں۔ یہ صورتحال عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران اشیائے خورونوش کو مہنگائی کے دباؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔چیئرمین HSATI نے مزید کہا کہ آمدنی میں اضافے کے بغیر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو مہنگائی کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے عملی اقدامات کرے اور بنیادی غذائی اشیاء عام شہریوں کی پہنچ میں رکھے۔ عوام کو محض وعدوں کی نہیں بلکہ حقیقی ریلیف کی ضرورت ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *