
میجر (ر) ساجد مسؔعودصادق نظامی
ڈاکٹر اسرار (مرحوم) کے الفاظ میں "عوام کالانعام" سیاسی اشرافیہ کے نزدیک عوام "ڈھور ڈنگر" ہیں۔ اسی طرح قرآن میں سورہ آلِ عمران میں ہے کہ غریبوں کا مال کھاتے ہوئے یہودی کہتے کہ "اس پر ہمارا کوئی مواخذہ نہیں" لہذا ان پڑھوں کا مال کھانا ہمارے لیئے جائز ہے۔" یاالہی! یہ ماجرا سمجھ سے بالاتر ہے کہ بنیادی سہولتوں سے محروم پاکستانی عوام سڑکوں پر بدحالی کے عالم میں رُل رہے ہیں اور پاکستانی خزانہ بھی خالی ہے مگر مذہبی اورسیاسی اشرافیہ بڑے بڑے سرکاری بنگلوں میں مکین، پراڈو اور پجیرو جیسی مہنگی گاڑیوں، ہیلی کاپٹرز اور جہازوں پر دادِ عیش بھی دے رہی ہے اور عوام کی ہمدردی اور مسیحائی کا دم بھی بھر رہی ہے۔ الہی!اگر یہ مسیحائی ہے تو استحصال پھر کیا ہے؟ اس کی بہترین مثال "لاہورکسی بڑے بنگلے کے ڈرائنگ روم میں بیٹھے مولانا فضل الرحمٰن کی پچیس کروڑعوام کو ذلیل کرنے کی پہیہ جام ہڑتال کی کال ہے۔" مولانا فضل الرحمٰن کو مبارک ہو کیونکہ اس وقت موٹرویز کے کئی حصوں اور قومی شاہراہوں پر دھرنوں کے باعث ٹریفک جزوی طور پر معطل ہے۔
لاہور کے بابو صابو انٹرچینج کے اطراف، کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک کے مقام پر انڈس ہائی وے، چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والی شاہراہیں، حب میں بھوانی کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ، کوئٹہ میں سبی روڈ اور لاڑکانہ بائی پاس اور پورٹ قاسم میں گھگر پھاٹک کے مقام پر کراچی، ٹھٹھہ بدین روڈ بند اور فیکٹری ایریا کی جیسی اہم شاہراہیں بند ہیں۔" مولانا صاحب کو بہت مُبارک ہو کیونکہ قوم کے کئی افراد اُن کی کال پرباہر نکل آئے ہیں۔ مولانا جیت گئے ہیں لیکن مُلک اور عوام ہار گئے ہیں۔ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ عوام کو کسی نے اُن کو مسیحائی کے نام پر لُوٹا ہے۔ مولانا صاحب کس کےکہنے پر یا کس مقصد کے تحت یہ سب کُچھ کررہے ہیں، کہیں انہیں اپنے ایجنڈے کے لیئے کوئی اور تو استعمال نہیں کررہا، یا کہیں وہ ہوسِ مال اوراقتدار کے ایوانوں سے لمبی دُوری کی وجہ سے اندھے تو نہیں ہوگئے اور انہیں کُچھ سُوجھ ہی نہیں رہا؟ مولانا صاحب یاد رکھیں کہ صوبوں کی تقسیم کو سبوتاژ کے سوال اُن کی ایکٹیوٹی، مذہب کے نام پر سیاسی بلیک میلنگ، واردات کے طریقے، عزائم اور مقاصد کو پاکستانی عوام بخوبی جانتے ہیں۔
پاکستانی سیاسی تاریخ میں دھرنے، ہڑتالیں، احتجاجی مارچ اور جمہوریت کے نام پر سیاسی اشرافیہ کی جو رنگ بازیاں دیکھیں ہیں اُن میں احتجاجوں اور دھرنوں کے ذریعے سماجی اور معاشی نقصان کا تخمینہ لگایا جائے تو شاید کتابوں کے دفتر لکھنے پڑ جائیں۔ مگر عوام ان احتجاجوں اور ہڑتالوں کے نام پر مُلک کے طول و عرض میں جو ذلیل و خوار ہوتے ہیں یا مُلک کا جتنا معاشی و سماجی استحصال ہوتا ہےہوسِ اقتدار میں مُبتلا شرافیہ کو اس سے کیا غرض؟ غریب عوام کے ٹیکس، اور مدرسوں اور مسجدوں کے نام پر چندہ مانگ کر عیاشی کرنے والے مولانا صاحب کا مذہب نما سیاسی عصبی گروہ آخر چاہتا کیا ہے؟ عوام مولانا کی خاکی ملیشیا کے ڈراموں اور ڈنڈا بردار پریڈز کو ابھی تک بُھولی نہیں۔ اسی طرح عمران خان حکومت گرانے کے حکومتی پارٹیوں کے طورطریقے اور بیانات ابھی تک عوام کے ذہنوں سے محو نہیں ہوئے۔ نئے صوبوں کی بحث پر نون لیگ کے وزراء اور بلاول بھٹو کی بدلتی ٹون اور بیانات، اور مولانا فضل الرحمٰن کی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیان بازی کو ملاکر پڑھنا اورسمجھنا ازحدضروری ہے۔ عوام کا جو سماجی اورمعاشی استحصال ہوگا مولانااور اُن کے ان پڑھ فالوورز اندھے معتقد محدثوں اور مُفسروں کے تصوّرسے بھی باہر ہے۔ مولانا اور اُن کے پڑھے لکھے جاہل مذہبی فالوورز سے پوچھنا از حدضروری ہے کہ اسلام کی تاریخ، قرآن اور حدیث میں کہیں احتجاج کا ذکر ہے؟ مذہبی لبادہ اوڑھے مولانا اور اُن کے پڑھے لکھے فالوورز سے معصوم عوام کو گمراہ کرکے مُلک بھر میں راستے بندکرنے والے اس گروہ سے یہ پوچھناضروری ہے کہ کیا حدیث نبوی ﷺ میں راستے بندکرنے یا راستے سے رکاوٹیں ہٹانے سے ثواب ملتا ہے؟ سڑکوں اورراستوں کی بندش کی وجہ سے کتنے مریض مولانا کی کال پر ہڑتال کی وجہ سے راستے میں دم توڑیں گے یا دفتروں میں سارا دن کام کرنے والے مزدور وقت پر جب گھر نہیں پہنچیں گے تو اُن گھروں کی کیا حالت ہوگی؟ کیا یہی اسلام سکھاتا ہے کہ اپنے سیاسی مقاصدکے لیئے دوسروں کو ذہنی اذیت میں مُبتلا کیاجائے؟ مولانا اور اُن کے مذہبی پڑھے لکھے فالوورز بتائیں کیا کسی بے قصور انسان کے معاشی اور سماجی استحصال پر اسلام کیا رہنمائی دیتا ہے؟
کیا کوئی مذہب،نظامِ حکومت یا اخلاقی نظام دُنیا میں ایسا ہے کہ جو کسی ریاست کے عوام کے استحصال کی اس طرح اجازت دے؟ جمہوری حق کے نام پر احتجاج، آزادی اظہار رائے، ایکشنز کی آزادی بجا لیکن سڑکوں، گلیوں اورشاہراہوں پر رُلتے، ذلیل و خوار ہوتے عوام کے حقوق کا خیال کون کرے گا؟ لیکن اب عوام کو ان سیاسی ڈراموں سے آگے نکل کر سوچنا ہوگا کہ جب بھی ان کے فائدے کے لیئے کوئی بات کی گئی تو وہ سیاسی اشرافیہ جنہیں عوام ستر سال سے اپنا مسیحاسمجھتی رہی وہی اس کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی۔اس کی بہترین مثالیں کالا باغ ڈیم، سی پیک اور حالیہ نئے صوبوں کے قیام کا پراجیکٹ ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کی مخاصمت میں مولانا کی بیان بازی اور پہیہ جام ہڑتال کی کال بے معنی نہیں۔ سیاسی اختلافات بُھلا کر گلے لگانے کی سیاسی تبلیغ کے سائے میں پنپتا مجموعی پاکستانی سیاسی ماحول بتارہا ہے کہ صوبوں کی تقسیم کے پراجیکٹ کو سبوتاژ کرنے کے لیئے عوام کو گمراہ کرنے اور مُلک میں افراتفری پھیلانے کا ایجنڈاپورا کرنے کے لیئے مولانا کی خدمات کو مستعار لیا گیا ہے۔