17 نائب قاصد جونیئر کلرک جبکہ 6 نائب قاصد قاصد کے عہدوں پر ترقی پاگئے، ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ کی مبارکباد
محکمہ اطلاعات سندھ نے صوبے بھر سے مجموعی طور پر 23 ملازمین کو ترقیاں دے دی گئی ہیں، جن میں 17 نائب قاصد کو جونیئر کلرک اور 6 نائب قاصد کو قاصد کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمنسٹریشن اینڈ اکاؤنٹس کی جانب سے باقاعدہ پروموشن آرڈرز جاری کردیے گئے ہیں۔
یہ اقدام صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی ہدایات، سیکریٹری اطلاعات سندھ بیرسٹر کاشف گلزار شیخ کی خصوصی توجہ اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن طارق امام اور ڈپٹی ڈائریکٹر صابر کاکا کی کوششوں سے ممکن ہوا۔ ترقی پانے والے ملازمین نے متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت مطلوبہ شرائط پوری کیں۔
اس اہم پیش رفت کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن حیدرآباد کی جانب سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ نے ترقی پانے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ نے کہا کہ ملازمین کی محنت، خدمات اور قابلیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے۔ اس سے نہ صرف ملازمین کے حوصلے بلند ہوتے ہیں بلکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی بہتری آتی ہے۔
انہوں نے ترقی پانے والے تمام ملازمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں مزید محنت، لگن اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں گے اور محکمہ اطلاعات کی کارکردگی بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
