حیدرآباد صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ سہیل احمد راجپوت کی خصوصی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب سندھ حیدرآباد سید محمد سجاد حیدر شاھ نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس حیدرآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے موصول ہونے والی درخواستوں کا اکاؤنٹس افسران کے ساتھ جائزہ لیا اور مجموعی طور پر 26 درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے درخواست گزاروں کو رلیف فراہم کیا، کھلی کچہری کے دوران ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے افسران کی جانب سے 13 درخواستوں پر رپورٹس پیش کی گئیں جبکہ 7 درخواستوں پر متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ فوری طور پر اپنی رپورٹس جمع کرائیں، اس موقع پر 3 درخواست گزاروں نے براہِ راست کھلی کچہری میں سید سجاد حیدر شاہ سے رجوع کیا، جن کی شکایات سننے کے بعد انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے، کھلی کچہری میں پیش ہونے والی زیادہ تر درخواستیں پینشن اور تنخواہوں سے متعلق تھیں،اس موقع پر سید سجاد حیدر شاہ نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کریں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام زیر التواء درخواستوں کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے اور درخواست گزاروں کو بلا تاخیر ریلیف فراہم کیا جائے۔
