حیدرآباد 17 اپریل ( ) کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے 21 اپریل سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ پارٹ اول و دوم کے سالانہ امتحانات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کرنے اور نقل کی روک تھام کے سلسلے میں سخت اقدامات کے تحت موبائل فون کے استعمال پر طالبعلم کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت انٹرمیڈیٹ پارٹ اول و دوم کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کے سلسلے میں آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں ڈی آء جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ڈویژن کے نو اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کے علاوہ چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد شجاع احمد مہیسَر اور محکمہ کالج ایجوکیشن کے افسران نے شرکت کی،اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے امتحانات کے شفاف انعقاد کے حوالے سے اپنی اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے سختی سے ہدایت کی کہ اگر کوئی طالبعلم امتحانی مرکز میں موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑا جائے تو اس کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت کو روکا جا سکے اور امتحانات کا ماحول پرامن رکھا جا سکے، انہوں نے مزید ہدایت دی کہ شدید گرمی کے پیش نظر امتحانی مراکز پر بجلی اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ایمرجنسی رسپانس سروسز دستیاب ہوں، کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ اگر ممکن ہو تو امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد شجاع احمد مہیسَر نے کہا کہ محکمہ تعلیم اپنے عملے سے مؤثر ڈیوٹی لے کیونکہ اندرونی عملہ ہی نقل کی روک تھام بہتر انداز میں کر سکتا ہے۔
