حیدرآباد، مئی 1 ( )، یوم مزدور کے موقع پر ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کے زیر اہتمام ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کی۔ ریلی کا آغاز ڈی سی آفس سے ہوا۔
ریلی میں چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے محنت کش طبقے سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا کہ مزدور ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور ان کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جبری مشقت یا مزدوروں کے استحصال کی کسی بھی شکایت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیبر اور سوشل ویلفیئر محکمے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحرک ہیں اور اس سلسلے میں اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں گے۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی.
