
کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) قائدآباد پولیس نے فائرنگ اور قتل کے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
مورخہ 29/30-03-2026 کی درمیانی شب نوری آباد میں فائرنگ اور قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں عثمان آفریدی نامی نوجوان کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی اور ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جبکہ ایس ایچ او قائدآباد کو اندھے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا۔
پولیس نے ٹیکنیکل اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم نور عالم ولد گل زمان کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ مقتول کو شیر پاؤ کالونی سے اغوا کر کے کراچی سے باہر لے جایا گیا، اور نوری آباد کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ شواہد مٹانے کے لیے مقتول پر تیزاب بھی پھینکا گیا۔
مقتول عثمان رینٹ اے کار کا کام کرتا تھا۔ واقعے کے بعد اس کی آلٹو گاڑی فروخت کر کے رقم تقسیم کی گئی۔
ملزم کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر غیرت کے نام پر پیش آیا، جبکہ مزید تین ملزمان بھی اس میں ملوث ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
مقدمہ نمبر 294/2026 زیر دفعہ 365/34/302 تھانہ قائدآباد میں درج ہے۔ تفتیش جاری ہے۔
