ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر فلنگ اور آتشزدگی کے واقعات پر سخت اقدامات کا فیصلہ
ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) حیدرآباد، جناب زین العابدین میمن کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے چار بڑے آتشزدگی کے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز، سب ڈویژنل پولیس افسران، ایس ایس پی حیدرآباد، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (ایچ ایم سی)، سول ڈیفنس کے نمائندگان اور سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122) حیدرآباد کے انچارج روشن علی مہیسر نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجوہات کا تعین کرنا اور ان کے سدباب کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ضلع بھر میں قائم غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر فلنگ کی دکانیں عوامی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں اور آتشزدگی کے واقعات کی ایک بڑی وجہ بھی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ غیر قانونی ایل پی جی پوائنٹس کے خلاف فوری اور سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، ایسی دکانوں کو سیل کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایچ ایم سی، سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی سرگرمیوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی عوام میں آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ غیر محفوظ ایل پی جی کے استعمال کے خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے واضح کیا کہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
