کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ اور اس سے منسلک دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے آج شہباز بلڈنگ میں ایک اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار علی ابڑو، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، ممتاز منگی، چیف انجینئر بلڈنگس شیر محمد مہیسر، ایکسئین بلڈنگس شہباز شاہ، اسسٹنٹ کمشنر جامشورو بلال احمد اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں طے شدہ کاموں کا جائزہ لیا گیا، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار علی ابڑو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت سندھ کی ہدایت پر درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی مزار کی چھت پر ماربل کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، اس کے ساتھ مضبوط پائپ لائن، سی سی ٹی وی کیمرے اور ان کے لیے علیحدہ بڑا کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں اے سیز اور ایل ای ڈیز کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ درگاہ کے احاطے اور اطراف میں رنگ و روغن کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ باقی ماندہ کاموں میں لعل باغ کے گرد باؤنڈری وال اور اس کے اندر فرش، واش رومز کی تعمیر، شجرکاری اور سبزہ زار کی بہتری، چلہ گاہ کی خوبصورتی شامل ہیں، اس کے علاوہ درگاہ کے بجلی کے نظام کی بہتری، ای ٹوائلٹس کی تعمیر، درگاہ کے شمال جانب واقع پلاٹ کو درگاہ میں شامل کر کے اس کی باؤنڈری وال اور ماربل فلورنگ، قدیم علم پاک کو محفوظ اور مضبوط بنانا اور اس کے ماربل کو تبدیل کر کے ٹھنڈا ماربل لگانا، درگاہ کے اندر منیجر کے دفتر کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے، اس موقع پر چیف انجینئر بلڈنگس شیر محمد مہیسر نے کہا کہ باقی کام جلد مکمل کر لیے جائیں گے بشرطیکہ انہیں منصوبوں کا حتمی اسکوپ فراہم کیا جائے جس پر کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ دو دن کے اندر سیہون کا دورہ کر کے ترقیاتی کاموں کے اسکوپ کو حتمی شکل دیں جبکہ ڈپٹی کمشنر جامشورو نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، آخر میں ممتاز منگی نے دعا خیر کرائی۔
