
کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے احکامات پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
تھانہ بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن اور ڈی ایچ اے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کارروائی کے دوران خفیہ اطلاع پر فوری چھاپہ مار کر ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، جو گاہکوں کو منشیات فروخت کرنے کی غرض سے کھڑے تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد مزمل ولد محمد انور اور ابہاج عرف عبو ولد معصوم پاشا کے نام سے ہوئی ہے۔
تلاشی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 45 گرام اعلیٰ معیار کی کرسٹل (آئس) برآمد ہوئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کلفٹن اور ڈی ایچ اے میں نوجوانوں کو آئس اور نشہ آور گولیاں فراہم کرنے والے گروہ کا حصہ ہیں اور نجی ڈانس پارٹیوں میں بھی منشیات کی سپلائی میں ملوث رہے ہیں۔
ملزمان کے خلاف تھانہ بوٹ بیسن میں مقدمہ نمبر 282/2026، دفعہ 6/9(2) نارکوٹکس ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
