حیسکو سب ڈویژن لیاقت کالونی کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن
حیدرآباد(بیورو رپورٹ) حیسکو سب ڈویژن لیاقت کالونی کی جانب سے لال گودام اور گاما پاڑہ کے علاقوں میں بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی ڈائریکٹ لائنز (کنڈے) منقطع کیے گئے جبکہ بھاری نادہندگان کے کنکشنز بھی منقطع کیے گئے۔واضح رہے کہ مذکورہ علاقوں میں اس سے قبل بھی کئی مرتبہ آپریشنز کیے جا چکے ہیں، تاہم بعض عناصر فیڈرز کے چینج اوور اور غیر قانونی ذرائع استعمال کرتے ہوئے دوبارہ بجلی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔حیسکو ٹیم مسلسل کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری کے مکمل خاتمے، لائن لاسز میں کمی اور ریکوری اہداف کے حصول کے لیے متحرک ہے۔جبکہ میٹر اور دیگر متعلقہ آلات کو محفوظ بنانے کے لئے فیلڈ ٹیمیں سرگرم ہیں۔ آپریشن ایس ڈی او لیاقت کالونی صابر لغاری کی نگرانی میں آپریشن سب ڈویژن لیاقت کالونی کی ٹیم انجام دے رہی ہے۔ ٹیم ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی، بلنگ اور لوڈ کی تصدیق میں مصروف تھیں تاکہ لائن لاسز میں کمی لائی جا سکے۔ایس ڈی او صابر لغاری کے مطابق یہ کارروائی بجلی چوری کے خاتمے اور نظام کی بہتری کے لئے جاری مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے حیسکو لیاقت کالونی نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی چوری سے اجتناب کریں، واجبات بروقت ادا کریں اور قانونی کنکشن حاصل کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔
