
*ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق خان دھاریجو حیدرآباد رینج نے کہا ہے کہ منشیات بلخصوص آئس، مضر صحت مین پوری اور گٹکے کے خلاف جاری کریک ڈاؤن محض جرائم کے خاتمے کی کارروائی ہی نہیں بلکہ نوجوان نسل کو تباہی، خاندانوں کی بربادی اور معاشرے کو زہر آلود ہونے سے بچانے کی ایک قومی ذمہ داری بھی ہے، جس میں کسی بھی سطح پر غفلت اور لاپرواہی ناقابلِ معافی ہوگی۔ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے گرد قانون کا شکنجہ مزید سخت کیا جائے۔*
*ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹیاری اور ٹنڈوالہیار کے دورے کے موقع پر علیحدہ علیحدہ اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔*
اجلاسوں میں امن و امان، جرائم کی بیخ کنی، مضرِ صحت مین پوری و گٹکا کے خلاف جاری کارروائیوں سمیت پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم بلو، ایس ایس پی ٹنڈوالہیار سید سلیم شاہ، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پیز، انچارج سی آئی اے، ایس ایچ اوز، چیک پوسٹ اور پولیس پوسٹ انچارجز نے شرکت کی۔
ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نے ایس ایچ اوز کو منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر، مربوط اور مزید نتیجہ خیز کارروائیوں کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایک فرض شناس پولیس افسر اپنی وردی کے وقار، دیانت داری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے سے ہی معاشرے میں امن و امان، عوامی اعتماد اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
