
*آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ہاکی چیمپئن شپ زون-کے: سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام شاندار فتح کے ساتھ چیمپئن بن گئی*
ٹنڈو جام (پریس ریلیز) سندھ زرعی یونیورسٹی کی ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے زیرِ اہتمام آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ہاکی چیمپئن شپ زون-کے کا فائنل یونیورسٹی کے ہاکی گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جس میں میزبان سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ یونیورسٹی جامشورو کو ایک گول کے فرق سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا اور سخت مقابلے کے بعد سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام نے ایک گول کی برتری سے کامیابی حاصل کی۔ یہ فیصلہ کن گول یونیورسٹی کے کھلاڑی عبدالمالک نے اسکور کیا، جس نے ٹیم کو برتری دلا کر فتح یقینی بنائی۔اختتامی تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ظفر منگی کو “مین آف دی سیریز” قرار دیتے ہوئے کیش انعام دیا گیا جبکہ احمد کو بہترین گول کیپر کے طور پر کیش انعام سے نوازا گیا۔اس ٹورنامنٹ میں مختلف یونیورسٹیوں کی ٹیموں نے حصہ لیا جن میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور، سندھ یونیورسٹی جامشورو، مہران یونیورسٹی جامشورو، دی یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز ٹنڈو محمد خان اور میزبان سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام شامل تھیں۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف سیال نے کامیاب ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کھیلوں کے میدان میں سندھ کی صفِ اول کی یونیورسٹی ہے، جو تمام یونیورسٹیوں کے طلبہ کو یکساں مواقع اور بہترین کھیلوں کا ماحول فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈئریکٹر اسپورٹس شوکت عل سانگی نے چئمپین شپ کے متعلق بریفنگ دی،تقریب میں سندھ ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر اسلم نیازی، سعید ظفر اور پیار علی شر نے بھی خصوصی شرکت کی۔
