
چار روزہ آگاہی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد اس ورکشاپ کا مقصد خصوصی افراد سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا تھا
حیدرآباد () بٹول اسپیشل اسٹوڈنٹ اسکول ایلیمنٹری میں 15 جولائی سے 18 جولائی تک چار روزہ آگاہی ورکشاپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد اساتذہ، طلبہ، والدین اور معاشرے کے دیگر افراد میں خصوصی تعلیم (Special Education) اور خصوصی افراد سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا تھا۔
ورکشاپ میں خصوصی تعلیم کے شعبے سے وابستہ اساتذہ اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی اور اپنے تجربات و علم سے شرکاء کو مستفید کیا۔
مس صدرا شیخ (SLP) نے Self-Analysis (خود شناسی) کے موضوع پر لیکچر دیا، جس میں شرکاء کو اپنی شخصیت، صلاحیتوں اور رویوں کو بہتر طور پر سمجھنے کی رہنمائی فراہم کی۔
مس تسنیم علی اصغر (Special Educator) نے خصوصی بچوں اور افراد میں پائے جانے والے مختلف ڈس آرڈرز، ان کی علامات اور ان کی ضروریات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔
مس ثناء فاطمہ (Physiotherapist) نے فزیوتھراپی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ عام اور خصوصی افراد کو کن جسمانی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے اور ان کی بحالی میں فزیوتھراپی کس قدر مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔
مس سندھو جونیجو (Psychologist) نے معاشرتی رویوں اور انسانی برتاؤ کے خصوصی افراد پر پڑنے والے اثرات پر گفتگو کی اور اس بات کی وضاحت کی کہ مثبت رویے کس طرح خصوصی افراد کی ذہنی و سماجی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مس الفیہ جوزر (Founder, Batool Special Student School Elementary & Special Educator) نے “Special Education کیا ہے، کن افراد کے لیے ہے اور اس کی اہمیت کیوں ہے” کے موضوع پر جامع لیکچر دیا اور خصوصی تعلیم کے بنیادی مقاصد کو واضح کیا۔
اس کے بعد مس سندھو جنیجو نے Speech and Language Pathology کی اہمیت، زبان و گفتگو کے مسائل اور ان کے مؤثر علاج کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ورکشاپ کے اختتام پر مس الفیہ جوزر نے Play Therapy کے موضوع پر لیکچر دیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ کھیل بچوں کی جسمانی، ذہنی، جذباتی اور سماجی نشوونما کا ایک مؤثر ذریعہ ہے اور پلے تھراپی کے ذریعے خصوصی اور عام دونوں بچوں کی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں نکھارا جا سکتا ہے۔یہ چار روزہ ورکشاپ معاشرے میں خصوصی تعلیم سے متعلق شعور اجاگر کرنے، خصوصی افراد کی ضروریات کو سمجھنے اور ان کے لیے مثبت و معاون رویوں کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقد کی گئی۔