حیدرآباد، 25 جولائی ( )، چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر/چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) حیدرآباد زین العابدین میمن نے تمام متعلقہ محکموں کو مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے اور تمام ضروری انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق پری مون سون کا موجودہ موسمی سسٹم جنوب مشرقی سندھ میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث حیدرآباد سمیت مختلف اضلاع میں 25 سے 27 جولائی تک درمیانی سے موسلا دھار بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ یہ موسمی سلسلہ 10 اگست تک وقفے وقفے سے برقرار رہنے کی توقع ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں اور ڈی ڈی ایم اے کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ امدادی سامان، نکاسی آب کی مشینری، ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) سندھ کے ساتھ مکمل رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آئندہ احکامات تک تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران کی اسٹیشن لیو پر پابندی ہوگی تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔ متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی مہم چلانے، احتیاطی ہدایات جاری کرنے اور سولر پینلز، بل بورڈز، ہورڈنگز، سائن بورڈز اور دیگر حساس تنصیبات کو فوری طور پر محفوظ یا ہٹانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کو ہدایت کی کہ پری مون سون سروے کے دوران خطرناک قرار دی گئی خستہ حال عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرا کے ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اسی طرح حیدرآباد واٹر اینڈ سینیٹیشن کارپوریشن (HW&SC)، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (HMC)، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز (TMCs) اور ریسکیو 1122 کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس، افرادی قوت اور ہنگامی وسائل ہر وقت مکمل طور پر فعال رکھے جائیں اور اپنی تیاری سے متعلق تحریری رپورٹ چیئرمین ڈی ڈی ایم اے کو پیش کریں۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے مزید ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں ممکنہ اربن فلڈنگ کے ساتھ ساتھ دریائی سیلاب کے خدشات کے پیش نظر بھی تمام متعلقہ محکمے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کریں تاکہ عوام کے جان و مال کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔