
پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر، سینیٹر عاجز دھامرہ سے مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے ملاقات کی اور اپنی سابقہ جماعتوں کو خیرباد کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔ یہ تقریب پیپلز سیکریٹریٹ حیدرآباد ڈویژن میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
شمولیت اختیار کرنے والوں میں فیصل پھور، محمد علی پھور، فاروق پھور، میر مرتضیٰ پھور، زاہد سولنگی، نثار پھور، بلاول پھور اور الطاف تیبو شامل ہیں، جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عاجز دھامرہ نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور ملک کی ترقی کے لیے ہمیشہ صفِ اول میں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے، جس کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو عوام کی خدمت اور ملک کی بہتری کے لیے مخلصانہ کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلال پور کینال منصوبہ (سی سی آئی) مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بغیر ٹیسٹنگ کے لیے شروع نہیں کیا جا سکتا۔
اس موقع پر یوسی چیئرمین 35 سید غلام مصطفیٰ شاہ، دانیال ابڑو، عتیق راٹھوڑ، انجینئر سکندر حیات خانزادہ اور دیگر بھی موجود تھے۔