


ڈیرہ غازی خان(رانا فیصل سے) یوم آزادی کے موقع پر کوہِ سلیمان، ڈیرہ غازی خان میں سرگرم لادی گینگ کے آخری گروپ مولوی یعقوب گروپ نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر جرائم کی دنیا سے توبہ کرتے ہوئے قانون کے سامنے سرنڈر کردیا۔ تھانہ کوٹ مبارک میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ڈی پی او صادق بلوچ کی موجودگی میں لادی گینگ کے پانچ اشتہاری ملزمان نے بھاری ہتھیاروں سمیت خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا۔
سرنڈر کرنے والے ملزمان قتل، ڈکیتی، راہزنی اور اغواء برائے تاوان سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ سرنڈر کرنے والوں میں یعقوب عرف مولوی ولد الٰہی بخش، موسیٰ ولد الٰہی بخش، ساجد عرف شاہ زین عرف درندہ ولد بلال، راشد عرف منگ پھلی ولد ولی محمد اور نذیر ولد موسیٰ شامل ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لادی گینگ کے تمام گروپس کو امن کا راستہ فراہم کیا گیا ہے جس کے مثبت اثرات کوہِ سلیمان سمیت میدانی علاقوں میں بھی امن و امان کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز اسی علاقہ میں تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیے جائیں گے۔ امن کے قیام کے بعد علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
سرنڈر کرنے والے افراد نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ خاندانی دشمنیوں اور باہمی تنازعات کے باعث یہ افراد جرائم کی دلدل میں دھنستے چلے گئے، تاہم حکومت نے انہیں پرامن اور آزاد زندگی کی طرف واپسی کا راستہ فراہم کیا ہے۔
ڈی پی او صادق بلوچ نے کہا کہ سرنڈر کرنے والے افراد مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات کا قانون کے مطابق سامنا کریں گے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کریں گے تاہم تمام معاملات قانون اور عدالت کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے نمٹائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لادی گینگ کے تمام گروپس کا سرنڈر کرنا علاقے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔