حیدرآباد پریس کلب اور چیمبر کے دیرینہ تعلقات شہر کی کاروباری ترقی اور تاجروں کے مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں

حیدرآباد پریس کلب اور چیمبر کے دیرینہ تعلقات شہر کی کاروباری ترقی اور تاجروں کے مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، صدر چیمبر ندیم احمد صدیقی
نومنتخب قیادت تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے پُرعزم ہے، حیدرآباد کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے چیمبر کے ساتھ مل کر آواز اٹھائیں گے، صدر پریس کلب جنید خانزادہ
حیدرآباد ( ) حیدرآباد پریس کلب کی جانب سے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نومنتخب صدر ندیم احمد صدیقی، سینئر نائب صدر محمد فہد میاں، نائب صدر عرفان عاربیانی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے اعزاز میں پریس کلب حیدرآباد میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر صدر حیدرآباد پریس کلب جنید خانزادہ نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر کی نئی قیادت باصلاحیت اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پریس کلب اور چیمبر کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد باہمی احترام، اعتماد اور شہر کے وسیع تر مفاد کے لیے مشترکہ کاوشوں پر ہے۔ پریس کلب نے ہمیشہ کاروباری برادری کے جائز مسائل اور مطالبات کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے، جبکہ صحافیوں نے محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود عوامی مسائل کو حکام تک پہنچانے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حیدرآباد میں تجارت و صنعت کے فروغ، کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات اور شہر کے معاشی مسائل کے حل کے لیے پریس کلب چیمبر کے ساتھ مل کر مؤثر آواز اٹھاتا رہے گا۔صدر چیمبر ندیم احمد صدیقی نے حیدرآباد پریس کلب کی قیادت اور صحافی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد چیمبر اور پریس کلب کے تعلقات نہایت مضبوط ہیں اور وقت کے ساتھ ان میں مزید بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے، حکومتی اداروں کی توجہ مبذول کرانے اور عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ذمہ دارانہ صحافت نہ صرف کاروباری برادری کی مشکلات کو اجاگر کرتی ہے بلکہ مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو جواب دہ بنانے میں بھی مدد دیتی ہے۔ندیم احمد صدیقی نے کہا کہ حیدرآباد کی تاجر برادری کو ٹیکسوں، بجلی و گیس کے مسائل، بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی، امن و امان اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل دیگر مشکلات کا سامنا ہے۔ چیمبر ان مسائل کے حل کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ رابطے اور عملی اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی معاشی ترقی، صنعت و تجارت کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کاروباری برادری، میڈیا اور انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔اس موقع پر حیدرآباد چیمبر کے سرپرستِ اعلی سیٹھ امین کھتری، سرپرست و سابق صدر سلیم میمن، سابق صدر سلیم الدین قریشی، فاروق شیخانی، ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی، سینئر ممبران، چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن زبیر گھانگھرا، حیدرآباد پریس کلب کے عہدے داران و سینئر صحافی حضرات بھی موجود تھے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *