
کراچی:( رپورٹ محمد حسین سومرو) فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث گروہ کے اہم کارندے اعتبار خان ولد زرناب گل کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ 27 اکتوبر کو پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں پولیس کی وردی پہن کر ایک جیولری شاپ کے مالک کو اسلحے کے زور پر اغوا کیا تھا۔ ملزمان شہری سے نقدی، موبائل فون، لائسنس یافتہ پستول اور گھر سے طلائی زیورات منگوا کر فرار ہوگئے تھے۔
ملزم کے قبضے سے چھینی گئی نقدی، موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کرلیا گیا، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی نمبر LA-7676 اور جعلی سرکاری نمبر پلیٹ SP-120 بھی تحویل میں لے لی گئی۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ گروہ کے دیگر مفرور کارندوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔