ڈویزنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول گھارو کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے نویں اور دسویں جماعت کے جاری سالانہ امتحانات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے سوالات پوچھ کر ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور طلبہ کو پرسکون اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنے پرچے حل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شفاف اور منصفانہ امتحانی نظام ہی تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے کمشنر کو باؤنڈری وال، مرکزی گیٹ اور دیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کروائی.
بعد ازاں ڈویزنل کمشنر فیاض حسین عباسی نے رورل ہیلتھ سنٹر گھارو کا بھی اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ مریضوں نے بعض سہولیات سے متعلق شکایات بھی پیش کیں۔
کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ادویات کی دستیابی ہر صورت ممکن بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر متعلقہ افسران اور ہسپتال عملہ بھی موجود تھا، جنہوں نے کمشنر کو ہسپتال کے انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
