
کراچی:( رپورٹ: محمد حسین سومرو) ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے تھانہ رضویہ سوسائٹی کی حدود ندی کنارہ جہانگیر آباد کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک خطرناک ملزم کو ہلاک کر دیا۔
ملزمان کے ساتھ دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت محمد رشید عرف راشد ولد قادر خان کے نام سے ہوئی ہے، جو عادی جرائم پیشہ تھا اور اسٹریٹ کرائمز و موٹر سائیکل اسنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں جن میں ڈکیتی، اسلحہ ایکٹ اور چوری سے متعلق سنگین نوعیت کے کیسز شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم “منوں گینگ” کا کارندہ تھا جو چار افراد پر مشتمل ایک متحرک اسٹریٹ کرمنل گروپ ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک عدد پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے
جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ مزید تفتیش عمل میں لائی جا رہی ہے۔
