حیدرآباد: بلدیاتی اداروں اور ہنگامی سروسز کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن اور سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر حیدرآباد کے انچارج روشن علی مہیسر اور سی ای او واسا نے شرکت کی۔
اجلاس میں آگ لگنے کے واقعات کے دوران درپیش آپریشنل مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا، خاص طور پر فائر فائٹنگ کے لیے پانی کی بروقت دستیابی اور ہائیڈرنٹس تک آسان رسائی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ شہر بھر میں موجود تمام فعال واٹر ہائیڈرنٹس کو ہر وقت کھلا اور قابلِ رسائی رکھا جائے تاکہ ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ گاڑیاں کسی بھی بڑے آتشزدگی کے واقعے کے دوران بغیر تاخیر پانی حاصل کر سکیں۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ہائیڈرنٹس تک بلا تعطل رسائی مؤثر فائر فائٹنگ کے لیے نہایت ضروری ہے، جس سے ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
سی ای او واسا نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت جاری کی کہ تمام واٹر ہائیڈرنٹس کی مناسب دیکھ بھال اور فعال حالت کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل کے ذریعے انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
